پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج 40ویں برسی منائی جارہی ہے۔
سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر سڑکوں پر لانے والے ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ ميں پيدا ہوئے اور انہیں قتل کے ایک مبینہ مقدمے میں 40 سال قبل آج ہی کے دن تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔
ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں عام تعطیل ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو کے مزار سے متصل گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کا جلسہ سہہ پہر تین بجے شروع ہوگا اور اس سے قبل پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی صدارت میں مجلس عاملہ کا اجلاس ہوگا جس میں ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔