وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور میں پاک بھارت کوریڈور منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے،تقریب میں غیر ملکی مندوبین، وفاقی و صوبائی وزراء بھی شرکت کریں گے۔
یہ راہداری ضلع نارروال کے علاقے کرتارپور میں موجود گوردوارہ دربار صاحب کو بھارت کے ضلع گورداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے ملائے گی۔ پاکستان بھارتی سرحد سے کرتار پور میں گوردوارہ دربار صاحب تک راہداری تعمیر کرے گا جبکہ بھارتی پنجاب کے ضلع گورداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے سرحد تک راہداری کا دوسرا حصہ بھارت تعمیر کریگا۔
اس راہداری سے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کی یاترا کی سہولت ملے گی۔ راہداری کھولنے کا یہ قدم پاکستان نے اٹھایا جس کی بعد میں بھارت نے تائید کی تھی۔وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور میں پاک بھارت کوریڈور منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں، صحافیوں اور مہمانوں کی بڑی تعداد پہنچ چکی ہے جبکہ کرتار پور بارڈر کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کرلئے گئےہیں،اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے۔
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی، بھارتی وزیر خارجہ نے مصروفیات کی بنیاد پر معذرت کی جبکہ وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے پاکستان پر الزامات کی بارش کر دی تاہم نوجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں سدھو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو بیج بویاتھاوہ آج تناور درخت بن گیا ہے، اپنے دوست عمران خان،حکومت اورعوام کاشکریہ اداکرتاہوں، کیونکہ کرتارپور کوریڈور دنیا بھر کے سکھوں کے لئے دیوانگی سے کم نہیں ہے۔