پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو آج سندھ کے ضلع گھوٹکی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے آج گھوٹکی میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیرمین شام 5بجے کے قریب جلسہ گاہ میں پہنچیں گے۔ 24ایکڑپر مشتمل جلسہ گاہ میں لگ بھگ 20ہزار کے قریب کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ سمیت شہر بھر کو پیپلزپارٹی کے جھنڈوں اور بینروں سے سجا دیا گیاہے ۔
گزشتہ شام سیکریٹری اطلاعات سندھ عاجز دھامرا اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا معائنہ بھی کیا۔
عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس سے چیخیں نکلیں گی، فواد چوہدری تو ابھی سے چیخوں کی ریہرسل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے سے مل کر عمران خان سندھ کو کیا دے سکتا ہے؟ سندھ کے سیاسی یتیموں پر اب کوئی سیاسی ٹیکہ اثر نہیں کرے گا۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ قوم بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا اگلا وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہے، جھوٹی تبدیلی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔
عاجز دھامراہ کے مطابق عمران خان سے ملک نہیں بلکہ محلے کی کرکٹ ٹیم ہی چل سکتی ہے، انہوں نے ملک کی معیشت کی لسی بنادی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کا ویژن صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔