مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پُر امن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 12 سالہ طالب علم شہید ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں ضلع کپواڑا کے علاقے ہنڈواڑا میں نام نہاد پولنگ کے خاتمے پر سیکڑوں کشمیری نوجوان جمع ہو گئے اور بھارتی تسلط کے خلاف شدید نعرے بازی کی، قابض بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 سالہ کشمیری طالب علم اویس میر شہید ہو گئے۔
ہندواڑا کے سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر رؤف کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے طالب علم کو کئی پیلٹ گولیاں لگیں اور سینے میں لگنے والی گولیاں جان لیوا ثابت ہوئی، ایک اور نوجوان کو شدید زخمی حالت میں لایا گیا ہے جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے اور اب نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوک سبھا کے انتخابات کے موقع پر وادی بھر میں مکمل ہڑتال رہی اور کشمیری نوجوانوں نے نام نہاد الیکشن کے خلاف جگہ جگہ مظاہرے کیے اور انتخابی عمل کو ڈھونگ قرار دیا۔