سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسسز حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کا آخری مرحلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) آج حتمی دلائل دے رہا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت آج پھر جاری ہے۔ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کر رہے ہیں۔
نیب پراسیکیورٹر واثق ملک نے حتمی دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس عام نہیں بلکہ وائٹ کالر کرائم کا کیس ہے۔ جو بڑے منظم طریقے سے کیا گیا جرم ہے۔
فلیگ شپ ریفرنس میں نیب نے مقدمے میں شہادتیں مکمل ہونے سے متعلق عدالت کو آگاہ کر دیا ہے جب کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرے گا۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے عدالت میں شہادتیں مکمل ہونے کا بیان دے دیا۔
نواز شریف کے وکیل نے آج نواز شریف کی عدالت سے حاضری کی استثنیٰ سے متعلق درخواست جمع کر دی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آج بیگم کلثوم نواز کے لیے قرآن خوانی کے باعث نواز شریف عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ہیں۔
گذشتہ روز فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں ملزم کا 342 کے تحت بیان کا پیشگی سوال نامہ نواز شریف کو دے دیا گیا تھا جب کہ نیب کی جانب سے پیشگی سوالنامہ دیئے جانے پر کیے گئے اعتراض کو عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
نواز شریف کو دیا گیا سوالنامہ 62 سوالات پر مشتمل ہے۔