تربت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اسکول کے طلبہ سمیت 23 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک تھی جنہیں پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔
تربت کے مین بازار میں پارک ہوٹل کے قریب پکوڑے کی ایک دکان میں گیس سلنڈر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی آتشزدگی سے اردگرد موجود افراد سمیت وہ اسکول وین بھی لپیٹ میں آگئی جو قریب ہی موجود تھی۔
موصول اطلاع کے مطابق نجی اسکول کے بچوں کی وین چھٹی کے بعد پکوڑے خریدنے کے لیے وہاں رکی ہوئی تھی۔ اسکول وین میں مجود دس سے زائد بچے آتشزدگی کی لپیٹ میں آگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن، فائر بریگیڈ، ایف سی اور پاک نیوی کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور فوری طور پر آگ پہ قابو پایا۔
تربت گیس سلنڈر دھماکا، ایف سی کا ریسکیو آپریشن
ہم نیوز کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال تربت منتقل کیا گیا ۔ تربت میں برنس وارڈ نہ ہونے کی وجہ سے پانچ شدید زخمیوں کو طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔
کمشنر مکران کے مطابق واقع کے بعد تربت کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرکے زخمیوں کو فوری طبی ا مداد فراہم کی گئی ہے اور ان کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پر کیا جائے۔