وزیراعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں فوجیوں پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں شمالی وزیرستان میں باڑ لگانے والے فوجیوں پر افغان سرحد عبور کرکے آنے والے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ جب کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کی بہادری وجرات کو سلام پیش کیا ہے۔
میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑہ میں قابل مذمت دہشت گرد حملہ پسپا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے تین جوانوں کے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوششوں کے دوران جگر آزمانے اور قربانیاں دینے والے جوانوں کو ہمارا سلام۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 2, 2019
واضح رہے کہ 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب افغانستان کے ضلع گیان اور برمل سے سرحد عبور کرکے آنے والے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں الواڑہ کے مقام پر سرحدی باڑ لگانے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا، حملے میں 3 پاکستانی فوجی شہید اور7 زخمی ہوئے، تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اوربہت سے افغانستان کی طرف سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔