تیموریہ پولیس نے800 موٹر سائیکلیں چوری کرکے فروخت کرنے والے 6رکنی گروہ کو گرفتار کرکے 10موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور اوزار برآمد کرلیے۔
ایس پی گلبرگ ایاز عمرانی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 11 اپریل 2019 کو ملزمان نے ضلع سینٹرل کے علاقے سے موٹر سائیکل چوری کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے حاصل کرکے فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگاکر انھیں گرفتار کیا ،گرفتار ملزمان میں بلال ، سرتاج ، وقار ، سمیع چوہان ، غلام علی اور خان محمد شامل ہیں جن کی نشاندہی 4 ٹی ٹی پسٹل ، گولیاں ، جعلی رجسٹریشن بکیں اور 10 مسروقہ موٹر سائیکلیں اور ماسٹر کی برآمد کرلی۔
انھوں نے بتایاکہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ موٹر سائیکلیں چوری کرکے مفرور ملزمان لغاری اور امبو بروہی کو فروخت کرتے تھے ،دونوں ملزمان پہاڑوں کے راستے مسروقہ موٹر سائیکلیں بلوچستان اور دیگر شہروں میں لے جاتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں میں امبو بروہی ، مصطفی بھاتانی ، رفیق باریجو اور حاجی باتانی شامل ہیں جن کی گرفتاری کیلیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
ایس پی گلبرک کامزید کہنا تھاکہ گرفتار ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکلیں 12 سے 16 ہزار میں فروخت کرتے تھے ،ملزمان نے 2011 سے اب تک 800 موٹر سائیکلیں چوری کی ہیں ۔