وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔
وزیراعظم عمران خان نے اوکاڑہ میں رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاوٴسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزیرہاؤسنگ محمود الرشید، جہانگیر ترین، ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن ودیگر موجود تھے۔
رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہمیں پانچ سال میں 50 لاکھ گھربنانےہیں، معاشرہ کمزورلوگوں کی فکرکرتا ہے، ریاست غریبوں کو چھت فراہم کرنےکی ذمےداری لے، مشکل نہ ہوتا تو پچھلی حکومت یہ کام کرچکی ہوتی، مدینےکی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، جب ریاست کمزورطبقے کی ذمے داری لیتی ہےتواللہ اس کی مددکرتاہے، مدینےکی فلاحی ریاست میں جانوروں کا بھی خیال رکھا جاتاتھا۔
وزیراعظم نے کہا 50 لاکھ گھر پرائیویٹ سیکٹربنائےگا، پیسہ جب ملک میں آئے تو روزگار بڑھے گا، جب گھروں کی تعمیرشروع ہوگی، مزید40 صنعتیں کھلیں گی اور لوگوں کو روزگارملےگا، گھربنانےکےلیے بینکوں سےقرضہ دیاجائےگا، کم تنخواہ دار طبقہ بھی بینکوں سےقرضہ لےکرگھربناسکےگا40 صنعتیں صرف تعمیرات کےساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کچی آبادیوں کے حوالے سے کہا کچی آبادیوں کے لوگوں کا براحال ہے، چین کےتعاون سےکچی آبادیوں کےلیےنئی تیکنیک لا رہےہیں، کچی آبادیوں میں پہلےسےموجودگھروں کےاوپرگھربنائیں گے، اسٹیٹ بینک نے قانون تبدیل کیاہے تاکہ قرضے دے سکیں، آنےوالوں دنوں میں دیکھیں پورے پاکستان میں ہاؤسنگ سیکٹر اٹھناشروع ہوجائےگا، نچلےطبقے کو گھربنانے کا موقع ملےگا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان لاہور کے دورے پر پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے اعجاز شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے ناسور نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اداروں کو تباہ کیا ہے اور عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے، کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔