ملک بھر میں موسم آج مکمل طور پر گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک بھر میں موسم گرچ اور خشک رہے گا جبکہ ملک کے کسی بھی حصہ میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کی نسبت جنوبی پنجاب اور سندھ کا موسم شدید گرم رہے گا۔
گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ سندھ میں شدید گرمی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت آج 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں صبح کے اوقات میں شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 5 ناٹیکل میل ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیر آباد 47 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، سکرنڈ اور موہنجو داڑو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکم موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے تک ملک بھر کا موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ملک کے کسی بھی حصے میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ رمضان المبارک میں کراچی ہیٹ ویو کا بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔
رمضان المبارک کے دوران کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اس لیے ہیٹ ویو کا خطرہ نہیں ہے۔
واضح رہے گزشتہ دنوں کراچی میں شدید گرمی رہی جبکہ یکم مئی کو سال کا گرم ترین دن قرار دیا گیا۔ چار روز قبل شہر قائد میں ہیٹ ویو کا زور برقرار تھا اور شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔