وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے اور اسد عمر جلد ہی دوبارہ کابینہ میں آ رہے ہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو تباہ شدہ حال میں معیشت ملی ہے، آج ملک کے حالات آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کی وجہ سے ہیں، گینگ آف فور نے اس ملک کو نوچا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ لندن جانا ہے، یہ فرشتوں کے ساتھ بھی ڈیل کریں گے، عمران خان کے بچوں اور نواز شریف کے بچوں میں فرق ہے، عمران خان کی بیوی ملک میں ہے۔ جو شخص 4،4 دفعہ وزیراعظم اور وزیراعلی رہا ہو اس کو جیل چھوڑنے کے لیے بس 500 یا 600 لوگ ساتھ تھے۔
کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر 15روز میں عمل درآمد کی کوشش کریں گے، ریلوے ایس پی کو تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ سرکلر ریلوے کی زمین پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش ہوگی، اس حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
جہانگیر ترین کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کام کا آدمی ہے لیکن وہ ضائع ہو چکا ہے، وہ عدالتی فیصلے پر ایل بی ڈبلیو ہو چکے ہیں۔ عید کے بعد وزراء کی تبدیلی کا امکان ہے اور اسد عمر جلد ہی دوبارہ کابینہ میں آ رہے ہیں۔
ریلوے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے پر ایک ارب روپے کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ اس لئے کرائے ناموں میں اضافے ناگریز ہیں، اکانومی کلاس کا 50 روپے تک کرایہ بڑھائیں گے۔