اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فرید الرحمان نے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کر دیا۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یوسف رضا گیلانی نے توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 کے معیار پر پورا نہیں اترتے اور وہ اچھے شہرت کے حامل نہیں ہے۔ اس لیے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جائے۔
پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے دو روز قبل الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں متفقہ وزیر اعظم نامزد ہوا تھا اور حزب اختلاف نے بھی مجھے ووٹ دیا تھا۔ پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر انتخاب لڑتے ہیں اور پیپلز پارٹی نے ہی ملک کو آئین دیا۔