پنجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ میدانی علاقے ہیٹ ویو کی زد میں آنے کے امکانات ہیں. محکمہ موسمیات نے 10 مئی کو مغربی ہواوں کے نئے سسٹم کی پیشگوئی کی ہے.
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 10 مئی تک دن کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے اور میدانی علاقے بھی گرمی کی لہر سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری کے اضافے کے ساتھ 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جمعرات کو کراچی میں صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا ۔ نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب رات گئے حدت اور حبس محسوس کی گئی۔ شہر میں گرم و مرطوب موسم اگلے کئی روز تک بدستور برقرار رہ سکتا ہے۔ گرمی کی جزوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی تک گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کے بھی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق 10 اور 11 مئی جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔