چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج مون سون کی پہلی بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں زیادہ تر ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم کہیں کہیں معتدل شدت کی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں 20 جولائی تک تیز بارش کا کوئی اسپیل نظر نہیں آ رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں جولائی کے آخری دنوں اور اگست میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں، ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی آئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز کراچی میں گرمی کی شدت زائد محسوس کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر جون کی طرح حبس اور گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے جولائی کے پہلے ہفتے کے بعد موسم کافی بہتر ہوجاتا تھا، تاہم اب ہر سال گرمی کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔