سڈنی: قومی ٹیم کے کوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ شاداب خان کی موجودہ فارم پاکستان کے لئے بدستور باعث تشویش ہے، گزشتہ دو سالوں سے ٹیم انہی پر انحصار کر رہی تھی۔
آسٹریلیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عثمان قادر کو آسٹریلیا میں کھیلنے کے تجربہ کے پیش نظر منتخب کیا ہے، ان کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کارکردگی بھی اچھی رہی ، نوجوان اسپنر گوگلی اور فلپر سمیت لیگ اسپین بولنگ کے ہتھیاروں سے مزین ہیں۔
مصباح نے کہا کہ آسٹریلیوی بلے باز اسٹیو اسمتھ اس وقت بھرپور فارم میں نظر آ رہے ہیں، ایسے کھلاڑیوں کو رنز بنانے سے روکنے کا واحد حل انہیں جلد آؤٹ کرنے پر منحصر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریزمجھ سمیت بابر اعظم اور اظہر علی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کو بہت فرق پڑے گا، امید کرتا ہوں کہ بابر اور اظہر اپنی انفرادی کارکردگی بھی دکھائیں گے۔
یاد رہے قومی کرکٹ ٹيم گزشتہ روز دورہ آسٹريليا کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے سڈنی پہنچی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کا پہلا پریکٹس میچ 30 اکتوبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔