وزیراطلاعات سندھ اورٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکھرمیں بھی پیپلزبس سروس شروع کرنے جارہے ہیں جس میں بھی خواتین کاحصہ مختص ہے۔
کراچی میں خواتین کیلئے پنک بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کومضبوط کرنے سے پورا خاندان مضبوط ہوتا ہے ہم پرلازم ہے کہ خواتین کیلئے مفید پالیسیاں بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ساتھ ہی سکھرمیں بھی پیپلزبس سروس شروع کرنے جارہے ہیں جس میں بھی خواتین کاحصہ مختص ہے، خواتین کیلئے بس سروس چلا کرکوئی احسان نہیں کیا۔
مزید کہا کہ ماں، بہن اور بیٹی کو نظراندازکرنے والا معاشرہ کامیاب نہیں ہوتا خواتین ہروہ کام کرسکتی ہیں جو مرد کرسکتے ہیں۔
پنک بس سروس پہلے مرحلے میں دو روٹس پر چلائی جائے گی
کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پیپلز پنک بس سروس کا آج سے باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے، بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے 2 روٹس پر چلائی جائے گی۔
پِنک بس میں مرد مسافروں کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک ہے۔
بس کا دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا، جو بعد میں چلایا جائے گا جبکہ پنک بس سروس کا کرایہ 50 روپے مقرر کیا گیا ہے۔