سپریم کورٹ میں 3 نئے آنے والے ججز کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس ملک شہزاد ، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن سے عہدے کا حلف لیا،تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی ۔
خیال رہے کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ میں تین نئے ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا،نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی کی گئی ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد اور لاہور کے جج جسٹس شاہد بلال حسن کو بھی سپریم کورٹ میں بطور جج تعینات کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر قبلا ایاز نے سپریم کورٹ کی شریعت اپیلیٹ بنچ کے ایڈہاک جج کے طور پر حلف اٹھایا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے جسٹس قبلہ ایاز سے حلف لیا، جسٹس قبلہ ایاز کی تعیناتی سے سپریم کورٹ میں شریعت اپیلیٹ بنچ بھی مکمل ہوگئی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شجاعت علی خان کو قائم مقائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چیف جسٹس ہائی کورٹ کے تقرر تک شجاعت علی خان یہ ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے،اسی طرح صدر پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کو ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا تھا۔