اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کم کرکے17.5فیصد کردیا ہے، اس سے قبل پالیسی ریٹ 19.5 فیصد تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 2 ماہ میں مہنگائی میں اضافےکی شرح تیزی سےکم ہوئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تیل اور غذائی اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروباری اعتماد میں بہتری آئی ہے، جبکہ کم سرکاری زرمبادلہ آمد اور قرض ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ ذخائر 9.5 ارب ڈالرز رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی پالیسی ریٹ میں فیصد کمی کاخیر مقدم کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے پاکستانی معیشت پرسرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھےگا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے کم ہوتی افراط زر کی شرح کی بدولت شرح سود میں کمی آئی ہے، امید کرتے ہیں کہ آنے والے مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی سے متعلق وزیرخزانہ اور متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔