پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ میں ہونے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور نے پہلے کھیلتے ہوئے 153 رنز بنائے اور پشاور کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔
پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن کامران اکمل دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
ایک موقع پر پشاور کے 4 کھلاڑی 48 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن پھر امام الحق اور لیام ڈاؤسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان 76 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
لیام ڈاؤسن 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ امام الحق نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان ڈیرن سیمی نے اننگز کے آخری اوورز میں 10 گیندوں پر برق رفتار 24 رنز اسکور کر کے ٹیم کا اسکور 153 تک پہنچایا۔
کراچی کی جانب سے سکندر رضا اور عثمان شنواری نے دو دو جب کہ عماد وسیم، محمد عامر اور عامر یامین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بناسکی۔ محمد رضوان 32 رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے۔
پشاور کی جانب سے حسن علی نے صرف 15 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی ٹورنامنٹ میں اب تک تین تین میچز کھیل چکی ہیں، کراچی کنگز کو 2 میچ میں شکست اور ایک میں کامیابی ملی جب کہ پشاور زلمی دو میچز میں فاتح رہی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی دوسرے نمبر پر جبکہ کراچی کنگز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔