برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال میں پیرو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر 12 سال بعد کوپا امریکا فٹ بال ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوپا امریکا فٹ بال فائنل کا میلہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے تاریخی ماراکانا اسٹیڈیم سجا، جہاں 15 ویں منٹ میں برازیل کے فاروڈ کھلاڑی ایورٹن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی، جسے 41ویں منٹ میں پیرو کے پاؤلو گیریرو نے پینالٹی کک پر برابر کردیا،لیکن اس کے چند منٹ بعد ہی برازیل کے کھلاڑی جیزز نے پہلے ہاف کے اختتامی مرحلے پر برازیل کو دوبارہ سبقت دلا دی۔
میچ ختم ہونے سے 20 منٹ قبل برازیل کے رچرلیسن نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو دو گول کی برتری دلادی، جومیچ ختم ہونے تک برقرار رہی۔یہ نواں موقع ہے جب برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ 2016 اولمپکس مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد سے یہ ان کی پہلی فتح ہے۔
اس جیت نے برازیل کے کوپا امریکہ فٹ بال مقابلوں کی میزبانی کرتے ہوئے ہر مرتبہ اس کو جیتنے کے ریکارڈ کو بھی برقرار رکھا ہے۔