پاکستان فری لانسنگ میں اضافے میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
ترجمان پنجاب آئی ٹی بورڈ کے مطابق عالمی ای پے منٹ کمپنی پایونیر نے فری لانسنگ میں سرفہرست 10 ممالک کی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان چوتھے اور بھارت ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔
امریکا پہلے، برطانیہ دوسرے، برازیل تیسرے، پاکستان چوتھے، یوکرائن پانچویں، فلپائن چھٹے، بھارت ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، روس نویں اور سربیا دسویں نمبر پر ہے۔
ترجمان آئی ٹی بورڈ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کے مقابلے میں فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہوا اور سرکاری شعبہ ملک میں فری لانسنگ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ ماہ حکومتی کوششوں کے باوجود پے پال نے پاکستان میں آنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے مقامی فری لانسرز مایوس اور پریشان نظر آرہے ہیں۔
پے پال اس وقت دنیا کی 190 مارکیٹس میں آن لائن پیسے منتقل کرنے کی خدمات انجام دے رہی ہے لیکن اس نے دنیا کی چوتھی بڑی مارکیٹ(پاکستان) میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
پنجاب کا ای روزگار فری لانسنگ پروگرام زرمبادلہ میں اضافے اور بیروزگار میں کمی کا باعث بن رہا ہے، ای روزگار سے فارغ التحصیل 12 ہزار نوجوان انٹرنیٹ سے کام کر کے 14 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔