الیکٹرانک کی معروف اور سمارٹ فونز کی بانی ایپل کمپنی نے اپنا نیا آئی فون 11 لانچ کر دیا ہے۔ یہ فون ایک ایسے موقع پر لانچ کیا گیا ہے جب حالیہ کچھ عرصے سے اپیل کو سمارٹ فون کی اپنی حریف کمپنیوں کی جانب سے شدید مسابقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے اس کی فروخت بھی متاثر ہوئی ہے۔
آئی فون 11 اپنے پچھلے ماڈل سے زیادہ مختلف نہیں ہے، لیکن اس میں کئی نئی چیزیں متعارف کرائی گئی ہیں۔ مثال کے طور پر اس میں تین کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ جاندار تصویر اتاری جا سکے۔ تاہم یہ فیچر اب کچھ زیادہ نیا نہیں رہا کیونکہ سام سنگ اور چینی کمپنی ہواوے ان دنوں تین کیمروں والے سمارٹ فون فروخت کر رہی ہیں۔ تاہم ایک اہم چیز آئی فون 11 کی قیمت ہے جو پچھلے ماڈل آئی فون 10 سے کم رکھی گئی ہے۔
نیا سمارٹ فون 699 ڈالر میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ایپل کو توقع ہے کہ دیگر سمارٹ فونز کے مقابلے میں کم قیمت زیادہ صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر سکتی ہے اور وہ ماضی کی طرح دوسروں پر سبقت حاصل کر سکتا ہے۔
آئی فون 11 میں نیا طاقت مائیکروپراسیسر A13 نصب کیا گیا ہے۔ اس کی بیڑی آئی فون 10 کے مقابلے میں ایک گھنٹہ زیادہ چلتی ہے۔
آئی فون 11 تین ماڈلز یعنی آئی فون 11، آئی فون 11 پرو اور آئی فون 11 پرو میکس میں پانچ خوبصورت رنگوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ فون 64 ، 128 اور 256 جی بی کی سٹوریج کے دستیاب ہیں۔ تاہم اضافی سٹوریج کے لیے زیادہ قیمت ادا کرنا ہو گی۔آئی فون 11 کی ایڈوانس بکنگ 13 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے جب کہ وہ 20 ستمبر سے صارفین کو ملنا شروع ہو جائے گا۔
ایپل اسٹریمنگ ٹیلی ویژن کے میدان میں بھی کود پڑا ہے اور رواں سال نومبر کے مہینے میں ایپل ٹی وی پلس کی سروس میں مہیا کرنے جا رہا ہے جو چین کے علاوہ سو ممالک میں دستیاب ہو گی۔
ایپل کی نئی مصنوعات جن میں آئی فون، آئی پیڈ اور میک لینے والے صارفین کو اسٹریمنگ ٹی وی کی سہولت ایک سال کے لئے مفت فراہم کی جائے گی۔ جسے ایک سال ختم ہونے کے بعد محض 5 ڈالر ماہانہ پر جاری رکھا جا سکتا ہے۔
یہ قیمت دیگر ویڈیو سٹریمنگ کمپنیوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔