شہر قائد میں ایک ہی دن میں ڈینگی کے 144 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صرف کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق ایک ہی دن میں 144 نئے کیس سامنے آئے۔
سرویلنس سیل کے مطابق ماہ اکتوبر میں کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 140 تک پہنچ گئی، رواں سال صرف کراچی میں 5 ہزار 183 جبکہ مجموعی طور پر سندھ میں 5 ہزار 518 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 18 ہوچکی ہے۔
گزشتہ روز وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 8 ہزار 245 کیس سامنے آئے۔ پنجاب میں 6 ہزار 629، سندھ میں 5 ہزار 109، پختنوخواہ میں 5 ہزار 229، قبائلی اضلاع میں 463، بلوچستان میں 2 ہزار 776 اور آزاد کشمیر میں 13 سو 38 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں سے 228 ڈینگی کیس سامنے آئے، رواں برس گلگت بلتستان سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہیں آیا۔ اب تک ملک میں ڈینگی سے 47 اموات ہوچکی ہیں۔
ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے 16 اموات ہو چکی ہیں۔ اسی طرح پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے ایک ہلاکت ہوئی۔ پختونخواہ اور قبائلی اضلاع میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔