لاہور:وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق آزادی مارچ کی اجازت مل سکتی ہے لیکن اگر کسی نے عدالتی ہدایات نہ مانیں تو ایکشن ہوگا۔
پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 30 اور 31 اکتوبر کو رائے ونڈ اجتماع کے لیے لوگوں نے نکلنا ہے، فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی تاریخ رائے ونڈ اجتماع کے مطابق رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان دونوں جماعتوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، سوچنے کی بات ہے فضل الرحمان کو رقم کون دے رہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ فضل الرحمان ہمیشہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلے ہیں لیکن اب پہلی بار یکطرفہ کھیل رہے ہیں اور اس کا فیصلہ10نومبر سے پہلے ہوجائے گا۔
شیخ رشید نے کہا فضل الرحمان کواندازہ نہیں کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کی سیاست دم توڑچکی ہے۔
نوازشریف کی صحت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سابق وزیراعظم کو صحت دے۔ اس ملک میں اموات کو سیاسی رنگ دے دیا جاتا ہے۔