وزیراعظم عمران خان کی سانحہ ساہیوال کے ملزمان کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کواپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنےٹویٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پرخصوصی عدالت کے فیصلے پر تحفظات کااظہار کیا ہے اور کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 25, 2019
اپنے ٹوئٹر پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی،حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے،اگر متاثرہ خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔
بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی،حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے،اگر ان کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 25, 2019
واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور کی خصوصی عدالت نے سانحہ ساہیوال کےتمام ملزمان کو شک کے فائدے پر بری کیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پولیس کا کوئی اہلکار مجرم ثابت نہ ہوسکا جبکہ زخمی گواہوں نے ملزمان کو شناخت نہیں کیا، اس کے علاوہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ میں بھی ملزموں کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔