وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے نیب آرڈیننس میں وفاقی ترمیم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارہ دری میں کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ کو مشینری حوالے کرنے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ18 ویں ترمیم کوئی آسمانی صحيفہ نہیں کہ اس کو چیلنج نہ کیا جائے،میں کہتا ہوں آپ اس میں ترمیم کرکےصوبوں کو مزید اختیار دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دو ٹوک اعلان کیا کہ ہم نیب آرڈیننس میں وفاقی ترمیم کو نہیں مانتے، وفاق اس میں ترمیم نہیں کرسکتا، ہم اس کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ایس تھری دوہزار سات میں ڈیزائن کیا گیا تھا،وفاقی حکومت نے بہت ساری کمیٹیاں بنا دی ہیں،کے فور کی الائمنٹ ہم نے چیلنج نہیں کی تھی ہم نے نیک نیتی سے پچیس بلین روپے کا کے فور پروجیکٹ ایف ڈبلیو او کے ساتھ شروع کیا۔
اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد میں نکاسی آب کی بہتری کیلئے بیس نئی گاڑیاں واٹر بورڈ کے حوالے کی گئیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پرانی گاڑیوں کو مرمت کر کے آئندہ سال واٹر بورڈ کو دیا جائے گا۔