نیپرا نے کراچی میں جولائی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 20 سے زائد افراد کی اموات پر کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
ترجمان نیپرا کے مطابق کراچی میں جولائی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 20 سے زائد افراد کی اموات کے معاملے پر آج سماعت ہوئی، جہاں نیپرا نے کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔
ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کا بجلی تقسیم کا نظام لائسنس شرائط کے مطابق نہیں پایا گیا جبکہ کے الیکٹرک نے بجلی تقسیم کیلئے درکار حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو اپنے بجلی تقسیم کار سسٹم کا تھرڈ پارٹی ویریفیکیشن کرانے کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کو اپنے مکمل سسٹم کی ارتھنگ اور گراؤنڈنگ اپریل 2020 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات پر اپنے افسران اور اسٹاف کی غفلت کا تعین کرکے کارروائی کرے اور جلد از جلد متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرے۔