کابل: افغان صدر اشرف غنی نے طالبان امریکہ معاہدے کے تحت طالبان قیدیوں کی رہائی کے پروانے پر دستخط کردیے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان صر کے دستخط کے بعد ایک ہزار طالبان قیدیوں کو رہائی ملنے کا امکان ہے۔ طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل 4 روز میں شروع ہو جائے گا۔
طالبان امریکہ معاہدے کے تحت 1500 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور قیدیوں کی رہائی کا مقصد براہ راست امن مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔
معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ رہا کیے جانے والے طالبان قیدی دوبارہ پرتشدد کارروائیوں کا حصہ نہیں بنیں گے جبکہ افغان قیدیوں کی بھی جلد رہائی کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ قیدیوں کی رہائی امریکہ طالبان معاہدے کا حصہ تھی۔