راولپنڈی:بھارتی فوج کی ایک بار پھر سرحدی علاقوں میں گولہ باری سے معصوم بچہ شہید اور 4 شہری شدید زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مستقل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی جاری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے پاکستانی حدود میں ایل او سی کے قریب واقع بروہ، دھودنیال، رکھ چکری اور چری کوٹ سیکٹر میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج نے بھاری توپخانے سے گولہ باری کی جس کی وجہ سے دھودنیال سیکٹر میں 2 سالہ معصوم حسیب شہید ہو گیا جبکہ بھارتی گولہ باری سے بروہ، رکھ چکری اور چری کوٹ سیکٹر میں 4 شہری شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں ایک خاتون اور 73 سالہ بزرگ شہری بھی شامل ہے جنہیں فوری طور پرقریبی اسپتالوں منتقل کر دیا گیا۔
پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے شہری آبادی پر گولہ باری کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے چری کوٹ سیکٹر پر مارٹر گولے برسائے جس کی زد میں آکر سیریان گاؤں کا 35 سالہ شہری زخمی ہو گیا جبکہ شکر گڑھ سیکٹر میں نانگل گاؤں کا 57 سالہ شہری شدید زخمی ہو گیا۔