ریاض: جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گیترس نے یمن کیلئے 500 ملین ڈالر امداد دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گیترس کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ نے کہا کہ یمن میں جنگ بندی اور امن کی سعودی ورب کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ سعودی عرب نے جی ٹوئنٹی ممالک کی سربراہی کانفرنس میں بھی اہم کردار نبھایا ہے۔
انتونیو گیترس نے کہا کہ سعودی قیادت کورونا سے بچاؤ کے لیے عالمی کاوشوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گیترس کو کہا ہے سعودی عرب خطے کی سلامتی اور امن قائم کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔ یمنی عوام ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی اپیل کے جواب میں سعودی عرب نے مجموعی طور پر 500 ملین ڈالرامداد کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب نے ضرورت مند علاقوں میں طبی آلات اور دیگر امدادی سامان کی فوری فراہمی کے لیے پروگراموں کا آغاز کیا ہے۔ شاہ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف (کے ایس ریلیف) سینٹرکی کمیٹی اس وقت عالمی طبی امداد کی فراہمی کے لیے اضافی اور فوری عمل کے طریقوں پر غور کر رہی ہے۔