اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو جلد آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ریلیف دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے دی جانے والی رعایت کا اطلاق پاکستان سمیت 70 ممالک پر ہو گا اور جلد آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف پاکستان کو ملنے کی امید ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ریلیف ایک سال کے لیے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 124 افراد جاں بحق اور 6 ہزار 505 متاثر ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 520 کیسز رپورٹ ہوئے اور 17 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر کورونا وائرس کے 1645 مریض صحت یاب ہوئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 3217 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ 1668، خیبرپختونخوا912 اور بلوچستان میں 280 کیسز ہیں۔
گلگت بلتستان میں کورونا کے237، اسلام آباد145 اور آزادکشمیر میں 46 مریض ہیں۔ سندھ 41، پنجاب 34، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں 3 افراد کورونا وائرس کے سبب جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیاتھا اور 15 مارچ کو کیسز کی تعداد 100 تک پہنچ گئی تھی۔ 20 مارچ کو مریضوں کی تعداد 500 ہوگئی اور 24 مارچ کو کیسز 1ہزار سے زائد ہوگئے۔
31 مارچ کو مریض 2 ہزار سے زائد ہوگئے اور 4 اپریل کو کیسز کی تعداد3 ہزار سے بڑھ چکی تھی۔ 7 اپریل کو مریضوں کی تعداد 4 ہزار اور 11 اپریل کو کیسز کی تعداد 5 ہزار تھی۔
مارچ پاکستان میں کورونا سے پہلی موت ہوئی تھی۔ 27 مارچ تک ملک بھر میں 10 اموات اور 5 اپریل تک ملک بھر میں 50 افراد جان کی بازی ہا رچکے تھے۔ 15 اپریل تک ملک بھر میں 100 افراد جان کی بازی ہار چکے تھے۔