راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے بتایا کہ پا ک فوج نے کورونا کے دوران انٹرنل سیکیورٹی اخراجات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ رقم کورونا متاثرین کی امداد کیلئے استعمال ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کےلیےاستعمال ہو رہے ہیں۔ خدشہ ہےآنےوالے دنوں میں کورونا کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کی 5لیبارٹریز قومی ادارہ صحت کے ساتھ تعاون کررہی ہیں۔ پاک فضائیہ نے 17فلائٹ کے ذریعے امدادی سامان ملک کے مختلف علاقوں تک پہنچایا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے علمائے کرام، طبی عملے اور سیکیورٹی سمیت دیگر اداروں کوخدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام کا کردار بھی پورے عمل میں قابل تعریف رہا ہے اور پاکستان کے میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جس نے مشکل صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔