اسلام آباد: ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 1297 مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 18 ہزار 113 ہوگئی اور 32 مزید اموات کے بعد ہلاکتیں 417 ہوگئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 164 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 1297 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن میں سے 4 ہزار 715 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے اب تک سب سے زیادہ 6 ہزار 733 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 6675، خیبر پختونخوا 2799، بلوچستان 1136، اسلام آباد 365، آزاد کشمیر 66 اور گلگت بلتستان میں 340 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے اب تک ملک بھر کے اسپتالوں کو مجموعی طور پر 40 لاکھ سے زائد ماسکس اور 9 لاکھ 55 ہزار سے زائد حفاظتی سوٹس بھجوائے جاچکے ہیں۔