کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ نارتھ کراچی مسلم ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں سے معطل ہے جبکہ نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، بفرزون، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
لیاقت آباد، گلبہار، ملیر اور لانڈھی میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے سے جاری ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے تاہم کچھ علاقوں میں مرمتی کام ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
گزشتہ ماہ چیف جسٹس پاکستان سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے حکم دیا تھا کہ کراچی میں ایک منٹ کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو چیف جسٹس گلزار احمد نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے کے الیکٹرک کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ بتانے آئے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ چوری کی وجہ سے ہو رہی ہے ؟ شہر میں اب تک بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی ؟
کے الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری نے مؤقف اختیار کیا کہ لوڈ شیڈنگ کی سب سے بڑی وجہ بجلی چوری ہے۔