سوات: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ملک کے سارے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن ان کو این آر او نہیں ملنا ہے۔ انہیں بتا ہے کہ عمران خان این آر او نہیں دے گا۔
سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرامہ ہورہا ہے، پاکستان کے سارے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں. میں نے ڈاکوووَں کا نام لیا ہے ڈیزل کا نام نہیں لیا.
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایک شخص ڈرامہ کرکے لندن چلا گیا، جس پر عدالتوں کو بھی رحم آگیا۔ نوازشریف نے بڑی کوشش کی کہ کسی طرح این آر او مل جائے۔وہ جانتا ہے کہ عمران خان این آر او نہیں دینے لگا۔
انہوں نے کہا کہ جب علم ہوگیا کہ عمران خان این آر او نہیں دے گا تو اس نے اداروں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔
پاکستان میں عورتوں کا احترام کرتے ہیں اس لیے مریم نواز کو اجازت ہے کہ کھل کر بات کرے۔ نوازشریف اور ان کے بیٹے پیسے چوری کر کے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بڑے بڑے ڈاکو 30سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے۔ آصف زرداری اور نوازشریف ایک دوسرے کو کرپٹ کہتے رہے۔ نوازشریف پر کیسز آصف زرداری نے بنائے۔
آج یہ دونوں مل کر مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ ملک کا پیسہ چوری کرکے مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ جس دن میں نے ان کو این آر او دیا اس دن میری ملک سے سب سے بڑی غداری ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف کے این آر او کی وجہ سے ہمارا قرضہ 30 ہزار ارب پر گیا۔
یہ ملک ترقی تب کرے گا جب اس ملک میں قانون کی بالادستی ہوگی۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے اور قانون کی بالادستی کیلئے پورا زور لگارہا ہوں۔