ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی سام سنگ نے پہلی بار’’ انفنٹی او ہول ڈسپلے فون اے 8 ایس متعارف کروادیا۔ اسمارٹ فون کے فرنٹ پر صرف سیلفی کیمرہ موجود ہے۔
اسمارٹ فونز کیلئے مشہورترین جنوبی کورین کمپنی سام سنگ اس سے قبل متعدد ایسے اسمارٹ فون متعارف کروا چکی ہے جن میں بہترین فرنٹ کیمرہ دیا گیا ہو لیکن پہلی بار فرنٹ پر صرف سیلفی کیمرہ کا ہول دیا گیا ہے۔
اے 8 ایس سے پہلے سام سنگ کے تمام اسمارٹ موبائل فونز کے سیلفی کیمرے اسکرین کے اندر ہی ہوتے تھے۔ پہلی بار بیک کیمرے کے ڈسپلے کی طرح فرنٹ پرسیلفی کیمرے کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کمپنی سام سنگ نے گزشتہ ماہ اپنے پہلے ’’انفنٹی او ہول ڈسپلے فون‘‘ کو متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے موبائل فون کی بیک پر دیے گئے 3 کیمروں میں سے مرکزی کیمرہ 24 ، دوسرا 10 اور تیسرا 5 میگا پکسل کا ہے جبکہ فرنٹ سیلفی کیمرہ بھی 24 میگا پکسل کا ہی ہے۔
تین ہزار چار سو ایم اے ایچ بیٹری اور 128 جی بی ریم والے اس فون میں اینڈرائیڈ کا اپ ڈیٹ ورژن ’’ اوریو‘‘ استعمال کیا گیا ہے۔
انفنٹی او ،ہول ڈسپلے فون اے 8 ایس کو سب سے پہلے چین میں متعارف کرایا گیا ہے۔ فی الحال کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسے دیگر ممالک میں کب متعارف کروایا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق پہلے ایشیا اور پھر یورپی ممالک کی باری آئے گی۔
اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں اس موبائل کی قیمت ایک لاکھ روپے تک ہوگی۔
سام سنگ سے قبل گزشتہ ماہ چینی کمپنی ہواوے کی ذیلی کمپنی آنر بھی ایک ایسا موبائل فون متعارف کرواچکی ہےجس کے فرنٹ پر سیلفی کیمرے کا ہول ہے جبکہ آنر اور سام سنگ سے بھی پہلے آئی فون ایکس کے ڈسپلے پر بھی سیلفی کیمرہ کا ہول دیا جا چکا ہے ۔