نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نےکورونا سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں لگائی گئی پابندیوں میں 15ستمبر تک توسیع کردی۔
این سی او سی کے اعلامیےکے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا (کے پی) اور اسلام آباد کے 24 اضلاع میں پابندیوں میں 15 ستمبرتک توسیع کردی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پابندیوں کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس 15 ستمبر کو ہوگا، ملک کے 24 اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 15 ستمبر تک بند رہیں گے،متاثرہ اضلاع میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔
اعلامیےکے مطابق 24 اضلاع میں تمام ان ڈور جِمز، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔
این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ وفاق کی تمام اکائیاں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، این سی او سی کورونا اور طبی صورت حال کی مسلسل مانٹیرنگ کر رہا ہے۔
خیال رہےکہ کورونا کیسز میں اضافےکے باعث 3 ستمبر کو این سی او سی نے اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواکے 24 اضلاع میں 12 ستمبر تک نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں اب 15 ستمبر تک کی توسیع کردی گئی ہے۔