پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے غیر ملکی کوچز لانے کا ارادہ کرلیا ، بورڈ کے نئے متوقع چیئرمین رمیز راجہ کئی غیر ملکی کوچز سے رابطے میں ہیں ۔
مصباح الحق اور وقار یونس کی پاکستان ٹیم کی کوچنگ سے دستبرداری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا امتحان مزید چیلنجنگ ہوگیا ہے۔
ورلڈ کپ پاکستان ٹیم کا ایک اہم ترین اسائنمنٹ ہے جس کے لیے بورڈ کے متوقع چئیرمین رمیز راجہ کافی سنجیدہ نظر آرہے ہیں اور یہ بات اب یقینی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اگلا کوچ اور معاون اسٹاف غیر ملکی ہوگا۔
رمیز راجہ کئی غیر ملکی کوچز سے رابطے میں ہیں اور اطلاعات کے مطابق پی سی بی حکام پیٹر مورز سمیت کئی کوچز سے بات چیت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رمیز راجہ پروفیشنل ازم کو ترجیح دیتے ہوئے ایسی کوچنگ ٹیم لانا چاہتے ہیں جو پاکستان ٹیم کو مکمل تبدیل کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ اور ان کے ساتھیوں کی تقرری میں کم از کم ایک ماہ درکار ہے اس لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نئے کوچز کی تقرری مشکل ہے۔