اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے عدالتی فیصلوں اور احکامات کی روشنی میں وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق معاملے پر غور کیا اور کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ایپ پر پابندی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو معاملہ وفاقی کابینہ میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی اے ٹک ٹاک پر پابندی کا کوئی مناسب جواز پیش نہیں کر سکا۔ جب یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ایک فیصد افراد ٹک ٹاک کا غلط استعمال کر رہے ہیں تو سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی حل نہیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ سوسائٹی میں تنزلی کی علامت کو سوشل میڈیا سائٹس پر موجود مواد سے نہیں ملایا جا سکتا، عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی غیر معمولی ترقی سوسائٹی میں بہت سے چیلنج سامنے لائی ہے۔