شہرِ قائد میں طوفانی بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے اور آج سے دو اکتوبر تک بادل جم کر برسیں گے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں سڑکیں اور گلیاں زیر آب آنے کا خطرہ ہے، شہر میں گزشتہ رات گرم ہوائیں چلتی رہیں جو بحیرہ عرب میں موجود سائیکلون کا اثر ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے بارشوں سے نمٹنے کی تیاریوں کے دعوے کیے جارہے ہیں۔
ٹھٹہ، بدین، دادو، ڈگری ،عمرکوٹ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کے باعث بدین، ٹھٹہ، حیدرآباد اور دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ کمزور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں لسبیلہ، سونمیانی، اورماڑا، پسنی، گوادر، تربت، جیوانی میں بھی طوفانی بارش اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے اس لیے ماہی گیروں کو آج سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔