وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طویل نشست ہوئی، نئے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رات کو وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل نشست ہوئی، وزیراعظم اور آرمی چیف کے بہت قریبی تعلقات ہیں، کبھی بھی وزیراعظم آفس ایسا قدم نہیں اٹھائےگا جس سے فوج یا سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اپنایا جائےگا، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلئے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے، آرمی چیف اور وزیراعظم کے قریبی اور خوشگوار اور آئیڈیل تعلقات ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف کی گزشتہ رات طویل ملاقات ہوئی، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں قانونی طریقہ اپنایا جائے گا، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ امریکا گئے ہیں۔ شوکت ترین آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق اپنا کام جاری رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ افغان شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کردی گئی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو لازمی ووٹ کی سہولت دینی ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر کے جنازے میں 15 سے زیادہ وزراء شریک ہوئے،چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف اور نیول چیف بھی ڈاکٹر قدیر کے جنازے میں شریک تھے۔
اسلام آباد پولیس میں مجمع سے نمٹنے کیلئے نیا یونٹ بنانے کی منظوری
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس میں نیا یونٹ تشکیل دینے کیلئے پریزنٹیشن دی گئی، مجمع سے نمٹنے کیلئے نیا یونٹ بنانے کی منظوری دی گئی ہے، سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود 10 لوگ ڈی چوک بند کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والوں کو آن لائن ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان سے آنے والوں پر ویزہ فیس ختم کردی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے آن لائن پاور آف اٹارنی کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی پاور آف اٹارنی آن لائن حاصل کرسکیں گے، افغان تاجروں کو بزنس ویزہ کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کے لوگوں کے لیے قانونی داخلے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کو 3 لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کردی ہے، کابینہ نے ٹرانسپورٹ لاجسٹک کے حوالے سے ذیلی کمیٹی قائم کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری خواہش ہے بلوچستان میں استحکام ہو، گورنر بلوچستان نے وزیر اعظم کو سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیمرا کونسل آف کمپلینٹ اسلام آباد کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔