ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن مستحکم کرلی ہے جبکہ بھارت نے افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر اپنا رن ریٹ بہتر کرلیا ہے۔
گروپ 2 میں پاکستان 4 میچز کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔
افغانستان 4 میچز میں دو فتوحات کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 3 میچز میں دو کامیابیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان رن ریٹ کا فرق ہے۔
نمیبیا 3 میچز کے بعد ایک کامیابی کے ساتھ پانچویں، بھارت 3 میچز میں 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور اسکاٹ لینڈ 3 میچز میں صفر پوائنٹ کے بعد چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔
بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ آج ابوظبی میں ہوا اور شکست کے بعد بھی افغانستان دوسری پوزیشن پر ہے کیوں کہ نیوزی لینڈ کے مقابلے میں اس کا رن ریٹ زیادہ ہے۔
نیوزی لینڈ کے ابھی دو میچز باقی ہیں، 5 نومبر کو نمیبیا اور 7 نومبر کو اسے افغانستان سے نبرد آزما ہونا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ یہ دونوں میچز جیت لے تو وہ گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہوگی۔
اس کے علاوہ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے نہ صرف اب اپنے بقیہ دو میچز، اسکاٹ لینڈ سے 5 نومبر اور نمیبیا سے 8 نومبر، جیتنے ہوں گے بلکہ یہ دعا بھی کرنی ہوگی کہ نیوزی لینڈ افغانستان کو ہرائے اور نمیبیا سے ہار جائے اس کے بعد بھی معاملہ رن ریٹ پر جائے گا۔ آج اگر بھارت افغانستان سے ہارتا تو ورلڈ کپ سے باہر ہوجاتا۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں افغانستان بھی ہے جس کا اب صرف ایک میچ باقی ہے اور وہ نیوزی لینڈ سے ہے۔ نیوزی لینڈ سے شکست کی صورت میں افغان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
افغانستان اگر نیوزی لینڈ کو ہرادیتا ہے اور کیویز نمیبیا سے بھی ہار جاتے ہیں پلس بھارت اپنے اگلے دو میچز میں سے ایک ہار جاتا ہے تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
اسی طرح اگر افغانستان نیوزی لینڈ سے جیت جاتا ہے لیکن نیوزی لینڈ نمیبیا سے جیت جاتا ہے اور بھارت بھی اپنے دو میچز جیت لیتا ہے تو ان تینوں ٹیموں کے 6۔6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور معاملہ رن ریٹ پر جائے گا۔ اس صورتحال میں بھارت کو نمیبیا کیخلاف آخری میچ میں رن ریٹ کو مدنظر رکھ کر کھیلنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ اگر نمیبیا اور افغانستان کیخلاف میچز جیت گیا تو بھارت کا سفر نمیبیا کیخلاف میچ سے قبل ہی ختم ہوجائے گا۔