جاپانی پروفیسر نے کھانے کے ذائقے فراہم کرنے والی ٹی وی اسکرین کا نمونہ تیار کرلیا ہے۔
برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جاپانی پروفیسر ہومی میاشیتا نے ٹیسٹ دی ٹی وی نامی ایک ڈیوائس تیار کی ہے جس میں اسکرین پر نظر آنے والی چیز کا ذائقہ چکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس میں 10 گھومتے ہوئے کنستر استعمال کیے جاتے ہیں جو ایک خاص کھانے کا ذائقہ بنانے کیلئے اسپرے کرتے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ جب یہ ذائقے تیار ہوجاتے ہیں تو ان کے نمونے ایک فلیٹ ٹی وی اسکرین پر دکھائے جاتے ہیں تاکہ ناظرین اسےچکھ سکیں۔
رپورٹس کے مطابق میجی یونیورسٹی کے پروفیسر ہومی میاشیتا کا کہنا ہے کہ کورونا کے دور میں اس قسم کی ٹیکنالوجی لوگوں کے باہر کی دنیا کے ساتھ جڑنے کے طریقے کو بڑھا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے ایسا محسوس کریں کہ وہ دنیا کے کسی بھی دوسرے حصے کے ہوٹل میں بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق میاشیتا 30 طلبا کی ایک ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہیں جنہوں نے ایسی کئی ساری ذائقے دار ڈیوائسز تیار کی ہیں جبکہ انہوں نے اس ڈیوائس کے لیے ایک کانٹے دار چمچ بھی بنایا جو کھانے کے ذائقے کو بڑھاتا ہے۔
میاشیتا کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال کے دوران خود TTTV کا نمونہ بنایا تھا جس میں تقریباً 875 ڈالرز(یعنی ایک لاکھ55 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کی لاگت آئی۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی اسپرے ٹیکنالوجی کو ایپلی کیشنز کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہوں جو پیزا اور چاکلیٹ کا ذائقہ فراہم کرسکیں۔
رپورٹس کے مطابق وہ ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کی بھی امید کررہے ہیں جہاں دنیا بھر کے ذائقے صارفین کہیں بھی میوزک کی طرح ڈاؤن لوڈ کرکے ان سے لطف اندوز ہوسکیں۔