سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی نیب کی انکوائری کی درخواست نمٹا دی۔
دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ منظور وسان کے خلاف الزام ثابت نہیں ہوا ہے، اس لیے ان کے خلاف انکوائری بند کر دی گئی ہے۔
نیب کے جواب کے بعد عدالت نے منظور وسان کی درخواست نمٹا دی۔
نیب نے انکوائری سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں نیب نے کہا ہے کہ منظور وسان کی آمدن سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔
نیب رپورٹ کے مطابق فائنڈنگز کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی سفارش کی گئی، منظور وسان کے خلاف انکوائری بند کرنے کی سفارش منظور کر لی گئی ہے۔
رپورٹ میں نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انکوائری صرف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق بند کی جا رہی ہے۔
نیب کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منظور وسان کے 2005ء سے 2019ء تک کے اثاثوں کی انکوائری کی گئی تھی۔
قومی احتساب بیورو کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس انکوائری کا اثر کسی نئی انکوائری یا پہلے سے جاری انویسٹی گیشن پر نہیں ہو گا۔