واٹس ایپ مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن نے آئندہ برس یعنی 2019 میں اپنے صارفین کے لیے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ایپلیکیشن ہر سال متعدد نئے فیچرز متعارف کراتی ہےاور اسی وجہ سے اس کے صارفین کی تعداد میں روزباروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق 2019 میں بھی واٹس اپ نے اپنی مقبولیت برقرار رکھنے اور صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اورتوقع ہے کہ یہ فیچرز بھی بہت جلد عوام الناس میں مقبولیت حاصل کرلیں گے۔
اطلاعات کے مطابق واٹس اپ اپنے صارفین کو بہت جلد وائس میسجز کو تسلسل کے ساتھ پلے کرنے کی سہولت فراہم کرے گا جو خودکار ہوگا جبکہ ویب سائٹ ’WABetaImfo‘ کے مطابق اسی طرح اسمارٹ فونز کی نیلی روشنی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے والا ’ڈارک موڈ‘ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ اس کے استعمال سے موبائل فون کی بیٹری کی مدت بھی بڑھ جائے گی۔
واٹس اپ بہت جلد ’پکچر ان پکچر‘ بھی متعارف کرانے والا ہے جس کی وجہ سے فیس بک ویڈیو یا یو ٹیوب ویڈیو کو میسج تھریڈ کے اندر ہی بھیجنے اور دیکھنے کا موقع مل جائے گا۔ اس فیچر کے استعمال سے ویڈیو باکس واٹس اپ باہر نکلے بغیر ڈسپلے ہوگا۔
فی الوقت واٹس اپ پر یہ سہولت ہے کہ کسی ایک شخص سے بات کرتے ہوئے کسی بھی دوسرے کو کی جانے والی کال میں شامل کیا جاسکتا ہے لیکن اب نئے فیچر میں یہ سہولت ہوگی کہ براہ راست ’گروپ‘ کو کال کرنا ممکن ہوجائے گا۔
میڈیا پریویو متعارف کرانے سے صارفین کو یہ سہولت میسر آجائے گی کہ نوٹی فکیشن ٹرے میں دکھائی دے گا اور صارفین کے لیے لازمی نہیں ہوگا کہ وہ ایپ میں جا کر اسے دیکھیں۔
واٹس اپ کی جانب سے جلد ہی کیو آر کوڈز کو ناموں کو شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔