ڈیفنس میں زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر ریسٹورنٹ کے دو ملازم گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے گذشتہ ماہ دو بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور ڈیفنس میں واقع ریسٹورنٹ کے دو ملازمین کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی پولیس نے عامر اختر اور عرفان علیم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کو مقدمہ نمبر 206/18 میں گرفتار کیا گیا ہے، مقدمہ قتل بالسبب اور کھانے پینے کی اشیا میں بھی ملاوٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ 10 نومبر کو کلفٹن کریک وسٹا اپارٹمنٹ کے رہائشی دو بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ واقعے کا گورنر سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، اس کے بعد پولیس نے پلے لینڈ سے پانچ افراد کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔جاں بحق ہونے والے بچوں میں ڈیڑھ سالہ احمد اور پانچ سالہ محمد شامل ہیں جبکہ بچوں کی والدہ عائشہ کو بھی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔