لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے نئی ٹرافی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرافی کی تقریب رونمائی 9 فروری کو شالیمار باغ لاہور میں ہو گی اور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ٹرافی کی نقاب کشائی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 قیراط سونے کے استعمال کے ساتھ نئی ٹرافی پہلے سے زیادہ دیدہ زیب ہے اور تقریب رونمائی میں چھ ٹیموں کے مالکان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 7 کی ٹرافی اب دوبارہ نہیں پیش کی جائے گی اور یہ لاہور قلندر کے پاس ہی رہے گی جبکہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو ملتان میں ہو گی۔