مریم نواز کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے ججزکے خلاف تنقید پر سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے چیف جسٹس کو خط ارسال کر دیا ہے۔
اس خط میں انہوں نے چیف جسٹس سے عدالت کی ساکھ، تکریم اور ججز کے وقار کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کی استدعا کی ہے۔
انور منصور کا کہنا تھا کہ 23فروری کو مریم نوازکی جانب سے سرگودھا میں گفتگو سے متعلق چیف جسٹس کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سرگودھا جلسے میں سپریم کورٹ اور ججز کے خلاف گفتگو کی اور عوام کو اکسایا۔
سابق اٹارنی جنرل انور منصور کا کہنا تھا مریم نواز نے بغیر ثبوت کے ججز اور سپریم کورٹ پر الزامات لگائے، مریم نواز نے انتخابات کے معاملے پر سوموٹو کیس کے بینچ کے ارکان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انور منصور کے مطابق ججز پر تنقید کرنے کا مقصد انصاف کے عمل پر اثر انداز ہونا اور رکاوٹ ڈالنا تھا، مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔