شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا وفد پنجاب کی نگران حکومت کی شکایات لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس پہنچ گیا۔
تحریک انصاف کا وفد الیکشن کمیشن اسلام آباد پہنچ گیا، تحریک انصاف کے وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں اور اس وفد میں اسد عمر اور ملیکہ بخاری بھی شریک ہیں۔
تحریک انصاف کے وفد کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات جاری ہے، اور پی ٹی آئی نے نگراں پنجاب حکومت سے متعلق اپنے خدشات رکھ دئیے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود پنجاب میں انتخابی مہم نہیں کرنے دی جارہی، گزشتہ روز پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پرتشدد کیا۔
گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسہ، جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کردی تھی۔