سندھ کابینہ نے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کیلئے 2 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے۔
وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اورآئی جی پولیس نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کےعلاقے میں پولیس کوملٹری گریڈ کےاسلحہ چاہئے اور اسلحے کی خریداری کیلئے 2 ارب 70 کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔
کابینہ نے اسلحہ خریدنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں مشترکہ آپریشن ہوگا جس میں پولیس کے ساتھ رینجرز اورفوج بھی حصہ لےگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ یہ مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہوگا آپریشن آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔